ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تعلیمی سال کے آغاز کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا:وزیر تعلیم سریش کمار

تعلیمی سال کے آغاز کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا:وزیر تعلیم سریش کمار

Sat, 20 Jun 2020 12:08:25    S.O. News Service

بنگلورو،20؍جون (ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے ابھی یہ طے نہیں کیاہے کہ اگلا تعلیمی سال کب سے شروع کیاجائے،یہ بات وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیم سریش کمار نے کہی ہے۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تعلیمی ادارے کب سے شروع کئے جائیں اس پر مرکزی حکومت نے یہ ہدایت دی ہے کہ تمام والدین سے مشورہ کیاجائے، مشوروں کا یہ عمل ہفتہ تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد ہی یہ طے کیاجائے گا کہ اسکول اور کالج کب سے کھولے جائیں، رواں تعلیمی سال اسکول اور کالجس کو مکمل چھٹی کے متعلق بعض ذرائع ابلا غ میں آنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے سریش کمارنے کہاکہ محکمہ تعلیم نے اب تک کوئی فیصلہ نہیں لیا، بنگلور میں جمعرات کے روز پی یوسی سال دوم کاانگریزی پرچہ کاامتحان لکھنے والی ایک طالبہ کے کورونا پازیٹیو پائے جانے کے متعلق ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جن طلبا میں کورونا کی علامتیں تھیں انہیں الگ کمروں میں بیٹھ کر امتحان دینے کے لئے انتظامات کئے گئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ جن لوگوں میں علامتیں نہ ہوں ان کوبھی کورونا سے متاثر پائے جانے کی سینکڑوں مثالیں موجود ہیں، اس لئے ایک طالبہ اگر پازیٹیو پائی گئی تو اس کے لئے محکمہ تعلیم پر الزام لگانا درست نہیں۔ امتحان کے لئے جو احتیاط ضروری تھی وہ برتی گئی ہے۔ ایس ایس ایل سی امتحان کے دوران بھی اور سختی سے اپنا یاجائے گا۔ کوروناوائرس متاثرین کے پلازمہ علاج کے بارے میں ایک سوال پر سریش کمارنے بتایاکہ بنگلورکے وکٹوریہ اور ہبلی کے کمس اسپتال میں کورونامتاثرین کاپلازمہ علاج کامیابی سے کیاگیا۔ آنے والوں دنوں میں یہ علاج ریاست کے دیگر اسپتالوں میں بھی شروع کرنے پر غور کیاجارہاہے۔

کورونا وائرس کے سبب بنگلورو میں سب سے زیادہ اموات پر سریش کمار نے بتایاکہ شہر کے کورونا متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے شرح اموات 1.4فیصد ہے اس کو کم کرنے کے لئے حکومت ضروری قدم اٹھارہی ہے۔ پی یوسی سال دوم کے امتحانات پورے ہونے کے بعد نتائج کے متعلق سریش کمار نے بتایاکہ حکومت کی طرف سے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ جوابی پرچوں کی جانچ کاکام جلد ازجلد پورا ہوجائے۔ امکان ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں نتائج کااعلان کردیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ بجز انگریزی تمام پرچوں کے امتحان لاک ڈاؤن سے پہلے ہی ہوچکے تھے، لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے جانچ کاکام شروع نہیں ہوسکاتھا۔ انہوں نے جانچ کے کام میں حصہ لینے والے تمام لکچررس سے اپیل کی کہ جلد ازجلد حاضر ہوکر جانچ کے بقیہ کام کو پورا کریں۔انہوں نے بتایاکہ 39موضوعات میں سے 26موضوعات کے پرچوں کی جانچ پوری ہوچکی ہے۔ 9موضوعات میں آخری لمحات میں کی گئی تبدیلی کے سبب جانچ باقی ہے ان میں جغرافیہ، کیمسٹری، میتھ، کمپیوٹرسائنس، اسٹاسٹسکس،بیالوجی، اورانگریزی پرچے شامل ہیں۔


Share: